بنگلورو3فروری (ایس او نیوز) پدمانابھ نگر اسمبلی حلقہ کے یڈیور وارڈ میں حاصل شدہ کچرے سے 250کلو واٹ بجلی تیار کی جائے گی۔ جس سے بروہت بنگلور مہانگر پالیکے ( بی بی ایم پی) کو 32لاکھ روپئے کی بچت ہوگی اور بیسکام سے آزاد وارڈ کااعزاز حاصل ہوگا ۔ اس بات کی اطلاع سابق کارپوریٹر این آر رمیش نے دی ۔
انہوں نے بتایا کہ تین سال قبل شروع ہوا یڈیور بائیو گیس یونٹ میں 50کلو واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے ۔ اب اس یونٹ میں 250کلو واٹ بجلی کی پیداوار کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ اس یونٹ کے 250کلو واٹ بجلی میں سے 150کلو واٹ بجلی یڈیور وارڈ میں واقع 17بی بی ایم پی عمارتوں ۔13پارکوں اور 3کلو واٹ بجلی، فٹ پاتھوں پرنصب شدہ لائٹس کے لئے استعمال کی جائے گی ۔ اس سے بی بی ایم پی کو ماہانہ بجلی بل میں 90لاکھ روپیوں کی بچت ہوگی ۔ بقیہ 100کلو واٹ بجلی کو بی بی ایم پی بیسکام ادارے کو فروخت کرنے والا ہے ۔ اس سے ہر ماہ 6لاکھ روپئے بی بی ایم پی کو آمدنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ یڈیوربائیو گیس یونٹ میں کچرے سے ہر دن 2ہزار لیٹرلکویڈ کھاد تیار ہورہا ہے جسے ویسٹ زون کے علاقے میں آنے والے270پارکوں میں موجود پودوں اورجھاڑیوں کے لئے استعمال میں لایا جائے گا ۔ اس سے پارکوں کو ہر ماہ لکویڈکھاد کیلئے استعمال کئے جارہے 4لاکھ روپیوں کی بچت ہوگی۔
مذکورہ یونٹ کاافتتاح آج مےئر گنگامبیکے ملکارجن اور سابق نائب وزیراعلیٰ و بی جے پی کے رکن اسمبلی آر۔ اشوک کے ہاتھوں عمل میں آیا ۔ اس موقع پرمےئر نے کہا کہ یڈیور وارڈ میں جس طرح بائیو گیس یونٹ کاقیام عمل میں لایا گیاہے ، اسی طرز پر بی بی ایم پی کے تمام 198وارڈوں میں بھی مذکورہ یونٹ کے قیام کیلئے اگلے بجٹ میں رقم مختص کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ جن وارڈ میں بائیو گیس یونٹ کام نہیں کرپا رہے ہیں ، اس کی شکایتیں موصول ہونے پر انہوں نے بی بی ایم پی انجینئرس کو معائنہ کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ آر ۔ اشوک نے کہا کہ یڈیوروارڈ کو نمونہ بناکر شہر کے تمام 197وارڈوں میں بھی بجلی یونٹ شروع کرنے کیلئے مےئر اور بی بی ایم پی کمشنر سے گزارش کی گئی ہے ۔ اس سے شہرمیں ماحولیات کا تحفظ یقینی ہوگا۔بی بی ایم پی کمشنر منجوناتھ پرساد نے کہا کہ ہر وارڈ میں بائیو گیس یونٹس کے تحت 400یونٹس شروع کئے جائیں گے۔ اور یہاں متعلقہ وارڈ میں جمع شدہ کچرا اس یونٹ تک پہنچایا جائے گا جس سے بجلی کی پیداوار کی جائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے شہر میں کوڑا کرکٹ نکاسی پر ہونے والے اخراجات میں کمی لائی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں ہر دن 2ہزار ٹن کوڑا جمع ہوتا ہے ۔ اس کو ڑا کو پروسیسنگ یونٹس روانہ کرنے کے بجائے مذکورہ یونٹ پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ یڈیورمیں بائیو گیس یونٹ کے قیام کیلئے جملہ ڈیڑھ کروڑروپئے خرچ کئے گئے ہیں ۔ ہر دن 5ٹن کچے کچرے سے بجلی کی پیداوار ہوگی ۔ بقیہ کچرے سے کھاد تیار کیا جائے گا اور اس کھاد کو بی بی ایم پی پارکوں کیلئے استعمال میں لایا جائے گا ۔ افتتاحی تقریب میں مقامی کارپوریٹر پورنما رمیش، ڈپٹی مےئر بھدرے گوڈا ، بی بی ایم پی جوائنٹ کمشنر سرفراز خان اور وشواناتھ بھی شریک تھے۔